پٹنہ، 8؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)کے ریاستی اسٹوڈنٹ یونین کی قیادت میں امریکہ میں ہندوستانی شہریوں پر ہو رہے جان لیوا حملوں کی مخالفت میں وزیر اعظم مودی اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے پتلے پھونکے۔ راشٹریہ جنتا دل اسٹوڈنٹ یونین کے ریاستی صدرآکاش یادو کی قیادت میں’’آکروش‘‘( غم و غصہ) مارچ بی این کالج سے کارگل چوک ہوتے ہوئے گاندھی میدان تک نکالا گیا۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آکاش یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ دونوں جڑواں بھائی ہیں،دونوں کی خارجہ پالیسی سے لوگ پریشان ہیں۔طلبہ آر جے ڈی امریکہ میں ہو رہے ہندوستانیوں پر حملوں کو برداشت نہیں کریں گے۔پتلا پھونکنے کے پروگرام میں بنیادی طور پر آر جے ڈی کے ریاستی نائب صدرپرکاش یادو، پارٹی کے وزیر جنرل سکریٹری چندن یادو، پٹنہ ضلع صدر دھرم ویر یادو، پٹنہ شہر کے صدر سیف علی سمیت سینکڑوں اسٹوڈنٹ لیڈران شامل تھے۔